یومِ یکجہتی کشمیر اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر کے لازوال رشتے کی علامت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

یومِ یکجہتی کشمیر اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر کے لازوال رشتے کی علامت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر
کیپشن: یومِ یکجہتی کشمیر اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر کے لازوال رشتے کی علامت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

ویب ڈیسک: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ 5 فروری، یومِ یکجہتی کشمیر اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر کے درمیان قائم لازوال رشتے کی روشن علامت ہے، جو مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار پر استوار ہے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ عقیدے، تہذیب اور تاریخ سے جڑا ہوا ہے، اور اہلِ پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے ساتھ وابستگی کی صورت میں کر لیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے تمام غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو کشمیری عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جبکہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں اور عالمی برادری کو ان مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، جبکہ بھارت کی جارحانہ پالیسیاں خطے میں عدم استحکام کو فروغ دے رہی ہیں۔ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو ہر عالمی فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے یقین ظاہر کیا کہ انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام اپنا حقِ خودارادیت حاصل کریں گے، اور ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کشمیری عوام کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوگا۔

Watch Live Public News