ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے کٹھ پتلیوں کا حشر بھارتی طیاروں جیسا ہوگا اور کشمیر کی آزادی جلد ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کھائی، اور اب اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور کشمیر کا پائیدار حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا حقِ خودارادیت پورا ہونے تک پاکستان اپنی حمایت جاری رکھے گا اور پوری دنیا میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے میں کامیاب رہے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گی جو معرکہ حق میں بھارتی طیاروں کا ہوا۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے مہاجرین کے لیے ماہانہ وظیفہ 3500 روپے سے بڑھا کر 6 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیر کے کاز اور قومی ترقی کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کشمیر کے نوجوانوں کے لیے دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس مظفر آباد میں قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ، 1700 مزید کشمیری طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور سکولوں کی چھتوں کی تعمیر کے لیے ایک ارب روپے فنڈز دینے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے، اور ہم کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔