ویب ڈیسک: سیکیورٹی اداروں نے کراچی میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک نے کہا کہ کراچی کو دہشت گردی کے ایک بڑے واقعے سے بچایا گیا ہے۔
کراچی میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ یہ منصوبہ بیرون ملک سے تیار کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے کہا کہ تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کا تعلق کمانڈر بشیر بی ایل اے گروپ سے ہے۔ دہشت گردوں نے رئیس گوٹھ میں بارودی مواد چھپایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک ٹرک، 30 سے زائد بڑے ڈرم اور پانچ سلنڈر قبضے میں لے لیے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کراچی میں بڑی دہشت گردی کی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، اور مختلف راستوں سے بارودی مواد یہاں منتقل کیا جا رہا تھا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ 2 ہزار کلو گرام سے زائد بارودی مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا ہے، اور دہشت گردوں کے پاس کمرشل بارودی مواد بھی موجود تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات سیکیورٹی اداروں نے بلدیہ رئیس گوٹھ سے 4 ٹن سے زائد دھماکا خیز مواد برآمد کیا، جس سے ایک بڑے دہشت گرد حملے کو ٹال دیا گیا۔