اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے تعداد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ انسانوں کی مختلف سرگرمیوں سے ہونے والی ماحولیاتی تباہی کو کم کیا جاسکے۔ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دن کا مقصد ہماری آنے والی نسلوں کیلئے صاف ستھرا ماحول اور ایک بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنا ہے، ماحولیاتی نظام کی بحالی جیسے عالمی مقصد کے حصول کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے جاری بیان میں امیر البحر نے کہا کہ پاک بحریہ ماحولیات خصوصاً آبی ماحولیات کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس کے تحفظ کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے ٗ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے ثابت ہوا کہ ماحولیاتی نظام میں تغیر کے نتائج تباہ کن ہو سکتے ہیں، آج کے دن ہم صاف ستھرے اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کی توثیق کرتے ہیں۔