آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا ، وزیرِ اعظم

آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا ، وزیرِ اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا،بجٹ میں حکومت نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود موجود وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لانے کی پالیسی اپنارہی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ 2023-24 کا محور ترقی، عوامی فلاح اور کاروبار دوست پالیسیاں ہونگی، آئندہ مالی سال میں شرح نمو اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے پی ایس ڈی پی کے حجم کو 700 سے بڑھا کر 950 ارب روپے کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا، بجٹ میں حکومت نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود موجود وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لانے کی پالیسی اپنارہی ہے، بجٹ 2023-24 میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی ترقی و تعمیر نو کیلئے بھی خطیر رقم رکھی جا رہی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی معاشی تباہی کے باوجود حکومت کی محنت سے ملک میں معاشی استحکام آیا،ہر حکومتی اقدام میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت حکومت کیلئے نہایت اہم ہے، گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13 جماعتوں نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر ریاست کو بچایا، ملکی معاشی سلامتی کیلئے ایسی کاوش کی مثال دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی، الحمدللہ پاکستان معاشی تباہی اور ملک میں انتشار پھیلانے والے عناصر سے پاک ہوا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے اتحادی جماعتوں سے مشارت کیلئے آج اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال، مولانا اسد محمود، رانا تنویر حسین، مولانا عبدالواسع، سید امین الحق، آغا حسین بلوچ، سردار اسرار ترین، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزراء مملکت، ہاشم نوتیزئی، احسان اللہ ریکی، رکن قومی اسمبلی و کنوینیر متحدہ قومی موومنٹ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ارکان قومی اسمبلی اسلم بھوتانی، محسن داوڑ، عوامی نیشنل پارٹی کے سردار حسین بابک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. وفاقی وزیرِ تجارت سید نوید قمر، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور رکن قومی اسمبلی و چیئرمین بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل نے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے قائدین و ارکان نے وزیرِ اعظم کے 2023-24 کے ترقیاتی بجٹ کیلئے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے اور انکی تجاویز کو بجٹ میں شامل کرنے کے اقدام کو تاریخی قرار دیا اور شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے وزیرِ اعظم کو ترقیاتی بجٹ کیلئے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا، اجلاس کو بجٹ اعشاریوں اور ترقیاتی بجٹ کے تحت مجوزہ منصوبوں کے بارے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام اور وزارتِ خزانہ کو ان تجاویز پر عمل کرنے اور انہیں بجٹ 2023-24 میں شامل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔