وزیرِ اعظم کا غریب،متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ

وزیرِ اعظم کا غریب،متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے معاشی چیلنجز کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم نے موجودہ وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لا کر ذیادہ سے ذیادہ عوامی ریلیف دینے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے کسانوں کو کھاد پر براہ راست سبسڈی پہنچانے کا دو ٹوک فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کھاد پر سبسڈی براہ راست کسانوں تک پہنچانے کیلئے ایک جامع پلان تشکیل دے کر پیش کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حکومت مستحق کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کرے گی، ٹیوب ویلز کی سلورآئیزیشن سے ایندھن کا درآمدی بل کم ہوگا اور کسانوں کی فی ایکڑ پیداواری لاگت کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں نیچے آتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچایا جائے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر مستحق لوگوں کی شمولیت یقینی بنائی جائے، یقینی بنایا جائے کہ ملک بھر میں کوئی بھی مستحق بیوہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سے باہر نہ رہے، مستحق طلباء و طالبات کو وظائف سے اعلی تعلیم و پیشہ ورانہ ہنر سے لیس کیا جائے گا، حکومت اس مقصد کیلئے پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ کا قیام یقینی بنارہی ہے،ہم ہمیشہ کی طرح ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، لیپ ٹاپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے، حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار و عصری تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کرے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ وزیرِ اعظم یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر نوجوانون کو آسان شرائط پر قرض سے کاروبار میں سہولت فراہم کی جائے گی، نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کرکے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھائی جائیں گی، نوجوانوں کو فری لانسنگ اور پیشہ ورانہ تربیت سے لیس کرکے خود روزگاری میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ گزشتہ حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے چار سالہ سیاہ دور میں نوجوانوں میں نفرت و انتشار کے جذبات، ڈنڈے اور پیٹرول بم تھمائے گئے، ہم اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لا کر ملک و قوم کی ترقی یقینی بنائیں گے۔وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ چھوٹے کاروبار اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کی ترقی کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت غریب و متوسط طبقے کیلئے بجٹ مین ریلیف پر اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف،اسحاق ڈار، احسن اقبال، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاونِ خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، معاونین خصوصی شزا فاطمہ اور قیصر شیخ کے علاوہ جدید فارمنگ کے ماہر احمد عمیر اور آئی ٹی کے شعبے سے آصف پیر نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔