ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے موجودہ نیٹ میٹرنگ سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے ساتھ 600 میگاواٹ کاسولرپاورپلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو سعودی عرب کی بغیر بڈنگ بین الحکومتی بنیادوں پر لگایا جائے گا۔
وزیراعظم نے ان فیصلوں سے متعلق سمری ارسال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم نے سولربجلی کی خریداری اور فروخت کے دو الگ نرخ تیارکرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکومت نے سولر سسٹم نصب کرنے والے صارفین پر ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کرنے، نیٹ میٹرنگ ریگولیشن میں ترمیم اورالگ ٹیرف کیٹیگری متعارف کرانےکا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پاور ڈویژن نے نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنے سے متعلق زیرگردش خبروں کی تردید کردی ہے۔پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مختلف چینلز پر نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کر نے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،وزیر اعظم کیطرف سے نیٹ میٹرنگ کی پالیسی کے حوالے سے کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں، مختلف چینلز کو گمراہ کن خبر چلانے سے پہلے پاور ڈویژن کا موقف لینا چاہیے تھا۔
وفاقی وزیر پاور سرداراویس احمد خان لغاری نے بیان میں کہا ہے کہ نیٹ میٹرنگ پر باربارتردید اور پالیسی بیانات دیے ،بار بار تردید کے باوجود نیٹ میٹرنگ کی پالیسی پر غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، ملک اور عوام میں بے چینی اور اضطراب پھیلانے کے کوشش کی جا رہی ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ ہمارے ملک میں بغیر تصدیق کے خبریں چلانے کا رواج چلا ہوا ہے،یہ ذمہ دارانہ صحافت کے بالکل منافی ہے۔