ویب ڈیسک: معروف امریکی اداکار جیمز ہینڈی کو مبینہ طور پر ان کی خاتون دوست کے بیٹے نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے واقعے کے فوری بعد مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 81 سالہ اداکار کو 3 جون کو امریکی شہر لاس اینجلس میں واقع ان کی رہائش گاہ پر نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو جیمز ہینڈی شدید زخمی اور بے ہوش حالت میں پائے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق اداکار کے سینے پر چاقو کے وار کیے گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
تحقیقات کے دوران 44 سالہ مائیکل گلیڈل نامی شخص کو حراست میں لیا گیا، جس نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ جیمز ہینڈی پر حملہ اسی نے کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکل گلیڈل اپنی والدہ کے ساتھ رہتا تھا، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اداکار کی قریبی دوست تھیں۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ قتل کے محرکات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
جیمز ہینڈی نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1977 میں کیا تھا اور وہ ہالی ووڈ کی متعدد کامیاب فلموں اور ٹی وی پروگراموں کا حصہ رہے۔ ان کی نمایاں فلموں میں Gun Top ،Maverick اور Jumanji شامل ہیں۔ ان کی اچانک موت پر مداحوں اور شوبز حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔