فیول سبسڈی اسکیم: پانچویں اور چھٹی قسط جون میں جاری کرنے کا فیصلہ

فیول سبسڈی اسکیم: پانچویں اور چھٹی قسط جون میں جاری کرنے کا فیصلہ
کیپشن: فیول سبسڈی اسکیم: پانچویں اور چھٹی قسط جون میں جاری کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے ٹرانسپورٹ آپریٹرز، موٹر سائیکل مالکان اور کسانوں کے لیے جاری فیول سبسڈی اسکیم کی پانچویں اور چھٹی قسط رواں ماہ جون 2026 کے دوران جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ فیصلہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں اسکیم کی پیش رفت اور مستحقین کو فراہم کی جانے والی امداد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نائب وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ فیول سبسڈی پروگرام کے تحت گزشتہ دو ماہ کے دوران چار اقساط کامیابی کے ساتھ ہفتہ وار بنیادوں پر جاری کی جا چکی ہیں، جس سے مستحق طبقات کو ریلیف فراہم کیا گیا۔

اجلاس کے دوران اسکیم پر عملدرآمد، شفافیت، جوابدہی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کاری کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء کو اسکیم کی موجودہ صورتحال اور آئندہ مراحل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے اسکیم کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مستحق افراد تک سبسڈی کے فوائد بروقت اور مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے عملدرآمد کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

انہوں نے حکام پر زور دیا کہ نگرانی اور جانچ پڑتال کے نظام کو بہتر بنا کر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حکومتی امداد شفاف طریقے سے اصل مستحقین تک پہنچے۔

اجلاس میں معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری پٹرولیم، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Watch Live Public News