ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اتوار کے روز الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے،اتوار کے روز ہمارے تمام ایم پی اے،ایم این ایز اور پارٹی کارکن ملک بھر میں احتجاج کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر عمیر نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے خواتین کو سیاست میں نمائندگی دی، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے کے پی کے خواتین کے حق پر ڈاکہ مارا گیا،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اتوار کے روز الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے۔
بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ اتوار کے روز ہمارے تمام ایم پی اے،ایم این ایز اور پارٹی کارکن ملک بھر میں احتجاج کرینگے،دھاندلی کے خلاف پہلے ہی تحریک چل رہی ہے،ہماری مختلف جماعتوں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے،ہم نے صدارتی امیدوار چھوٹے صوبے سے نامزد کیا ہے،پانچ چھ جماعتیں تو دھاندلی کے خلاف تحریک کیلئے متفق ہیں،اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن کے ساتھ ہم حکم امتناع کی درخواست بھی دائر کررہے ہیں۔
بیرسٹر عمیر نیازی نے مزید کہا کہ ہماری درخواست کہاں تک سنی جائے گی یہ کہنا قبل ازوقت ہے،ہماری درخواست پر اگر کورٹ کا کوئی مناسب آرڈر آیا تو اسکا اثر صدارتی الیکشن پر ضرور پڑے گا،ہماری درخواست اگر عدالت نے سنی تو صدارتی اور سینیٹ الیکشن متنازعہ ہوجائے گا،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے عوام نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے،اب مینڈیٹ چوری معاف نہیں کرینگے۔