(ویب ڈیسک ) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ویڈیو پیغام میں ایران اور لبنان میں کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیل میں تعینات امریکی ایف۔22 لڑاکا طیاروں کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان فوجی تعاون تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور دونوں ممالک مل کر اپنے اہداف حاصل کریں گے۔
اپنے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ امریکی فوج اور آئی ڈی ایف کے درمیان تعاون پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ اور امریکی فضائیہ کے درمیان مشترکہ اقدامات خطے کی صورتحال پر گہرا اثر ڈال رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل ایران میں موجود اہداف اور لبنان میں موجود عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق اب تک حاصل ہونے والی کامیابیاں اہم ہیں، تاہم ابھی بہت سا کام باقی ہے۔
نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان قریبی تعاون دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ مل کر اپنے مقاصد کے حصول کے لیے آگے بڑھتے رہیں گے اور خدا کی مدد سے اپنے اہداف حاصل کریں گے۔