پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے ’فتح‘ میزائل کا کامیاب تجریہ

پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے ’فتح‘ میزائل کا کامیاب تجریہ
کیپشن: پاک فوج نے فتح سیریز کے میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا

ویب ڈیسک:پاکستان نے فتح سیریز کے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے اور یہ تجربہ جاری مشق اندس کا حصہ تھا۔تربیتی تجربے کا مقصد افواج کی عملی تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم سمیت اس کی تکنیکی صلاحیتوں اور درستگی کو جانچنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربہ پاک فوج کے سینیئر افسران کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی ملاحظہ کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف نے تجربے میں حصہ لینے والے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مکمل تیار ہیں، اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

فتح سیریز پاکستان کے قریبی فاصلے تک مار کرنے والے جدید میزائل سسٹمز میں شامل ہے، جو روایتی اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی تیاری اور عسکری ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

Watch Live Public News