قومی خودمختاری پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

قومی خودمختاری پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

(ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،قومی خودمختاری پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق 15ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے آرمی چیف کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی۔ 2016 سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کا مقصد قیادت کو قومی و صوبائی امور سے آگاہ کرنا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ   بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں،   بلوچستان میں ترقی مخالف پراپیگنڈا مسترد، حقائق منصوبوں سے عیاں ہیں، سول سوسائٹی نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  بیرونی دہشتگردی بلوچستان کی سلامتی و ترقی کے لیے بڑا خطرہ ہے، دشمن عناصر بلوچستان میں خوف و انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردی کا کوئی مذہب، مسلک یا قوم نہیں، قومی یکجہتی سے مقابلہ کریں گے۔ بلوچ شناخت کے نام پر دہشتگردی کرنے والے بلوچ غیرت پر دھبہ ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ   پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، قومی خودمختاری پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار رہیں گے۔ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کے مفصل اور کھلے سیشن پر ہوا۔

Watch Live Public News