وفاقی وزرا کی تنخواہ میں 140 فیصد اضافہ، صوبائی وزرا کی تنخواہ بھی سامنے آگئی

وفاقی وزرا کی تنخواہ میں 140 فیصد اضافہ، صوبائی وزرا کی تنخواہ بھی سامنے آگئی

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی وزرا کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تنخواہ، مراعات و استحقاق ایکٹ 1975 میں ترمیم کا آرڈیننس گزشتہ روز جاری کیا تھا جس کے بعد وفاقی وزرا کی تنخواہوں میں 140 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

اضافے کے بعد وزرا کی تنخواہ 2 لاکھ 18 ہزار روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی ہے، اس اضافے کا اطلاق یکم جنوری سے 2025 ملنے والی تنخواہوں پر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 ماہ قبل قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے اراکان پارلیمنٹ کی تنخواہ اور مراعات میں اضافے کی منظوری دی تھی جس کے بعد ارکان اسمبلی کی تنخواہ اور مراعات وفاقی سیکرٹری کے برابر ہوگئی تھیں، اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی تھی تاہم وفاقی وزرا کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو سکا تھا۔

اراکان پارلیمنٹ نے تنخواہ 10 لاکھ روپے ماہانہ کا مطالبہ کیا تھا لیکن اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 10 لاکھ روپے تنخواہ کی تجویز مسترد کی۔

گزشتہ سال دسمبر میں پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد ماہانہ تنخواہ 76 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ روپے کر دی گئی تھی، جبکہ صوبائی وزیر پنجاب کی تنخواہ ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار روپے کر دی گئی تھی، اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ 9 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اسپیکر کی ماہانہ تنخواہ 4  لاکھ 50 ہزار روپے ہے جبکہ وزرا کی تنخواہ 3 لاکھ، مشیروں کی تنخواہ 2 لاکھ روپے ماہانہ ہے، خیبر پختونخوا اسمبلی کی ارکان کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ 8 ہزار روپے ہے۔

Watch Live Public News