ویب ڈیسک: پہلگام فالس فلیگ میں بے بنیاد اور جھوٹا بیانیہ بنانے والی مودی سرکار کو مسلسل ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بوکھلائی مودی حکومت پاکستان میں دراندازی ناپاک منصوبہ بنا رہی ہے اس پر بات کرتے ہوئے پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں بھارت ایل او سی کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے، بھارت کو انشاءاللّٰہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف پہلے کہہ چکے ہیں بین الاقوامی کمیشن بن جائے جو پہلگام واقعہ کی تحقیقات کرے، تحقیقات سے پتہ چل جائے گا کہ بھارت خود ملوث ہے یا وہاں کا کوئی گروپ۔ واضح ہو جائے گا کہ جو پاکستان پر الزام لگ رہا ہے اس میں کیا صداقت ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس چیز کا فیصلہ ہو جانا چاہیے کہ نریندر مودی جھوٹ بول رہا ہے یا سچ بول رہا ہے، اس کے بعد اس کو کہیں کہ نریندر مودی تم جھوٹے ہو ساری دنیا کا امن تباہ کر رہے ہو، مودی سے کہیں کہ تم نے برصغیر کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، مودی صرف اپنا ووٹ بنانے کے لیے ڈرامہ کر رہا ہے۔
بھارت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، کے پی کے میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت ہم نے 2016 اور 2017 میں اقوام متحدہ میں دیے تھے، ان ثبوتوں میں ویڈیوز موجود ہیں بھارت کیسے لوگوں کو پیسے دے کر دہشت گردی کرواتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج بھی ہمارے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ افغانستان کی سرزمین سے ہو رہا ہے، بلوچستان ہو یا کے پی کے اس میں دہشت گردی افغانستان سے ہوتی ہے پیچھے بھارت ہے۔