لاڑکانہ ( پبلک نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا فون۔ بلاول بھٹو زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے درمیان ملک میں بدترین مہنگائی کے بعد عوامی مسائل کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف کے درمیان پارلیمان میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کا لالی پاپ دے کر عمران خان نے عوام کو تکلیف میں مبتلا کردیا۔ سلیکٹڈ حکومت کا ہر گزرتا دن عوام کے مسائل میں اضافہ کررہا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔