ویب ڈیسک: سموگ نے ملک کے مختلف شہروں میں صورتحال مزید خراب کر دی ہے، فضائی آلودگی کے باعث سانس لینا بھی محال ہوگیا۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق کراچی کا فضائی معیار 186 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارتی شہر کولکتہ 250 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں سموگ کی صورتحال میں معمولی بہتری دیکھی گئی، جہاں فضائی آلودگی کی سطح 182 اے کیو آئی ریکارڈ ہوئی اور شہر دنیا کے پانچویں نمبر پر آ گیا۔
محکمہ ماحولیات اور پنجاب حکومت نے آلودگی پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق آلودگی پھیلانے والے درجنوں صنعتی یونٹس منہدم کر دیے گئے ہیں جبکہ کئی فیکٹریاں سیل کر دی گئی ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال لازمی بنائیں۔