ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دوحہ میں ملاقات، ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران امیرِ قطر نے کہا کہ قطر کو پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی اور ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کرکے حالیہ چیلنجز کو پسِ پشت ڈال دیں گے۔
شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پاکستان۔سعودی عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان منفرد حیثیت رکھتا ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک سے بیک وقت تعلقات رکھتا ہے۔
صدرِ مملکت نے امیرِ قطر کو حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدرِ مملکت نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔
صدرِ مملکت نے دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی۔ امیرِ قطر نے تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رابطوں کی ہدایت دی۔
صدر زرداری نے قطر میں دوحہ مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان سے متعلق کردار کو سراہا۔ امیرِ قطر نے صدرِ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کے دورے کا اعلان کیا۔