ویب ڈیسک: بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سمیت چار ارکان اسمبلی نے حکومتی پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے تیسری منزل سے چھلانگ لگادی۔
تفصیلات کے مطابق ممبئی میں ڈپٹی اسپیکر نرہری زروال کے ساتھ کودنے والوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک رکن بھی شامل تھا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان چاروں ارکان نے ڈھنگر کمیونٹی کو شیڈولڈ ٹرائبز کی کیٹیگری میں شامل کرنے کے عمل کی مخالفت کرتے ہوئے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
بلندی سے گرنے پر بھی چاروں محفوظ رہے کیونکہ وہ ایک جال میں گرے۔ یہ جال خود کشی کی کوشش کرنے والوں کی جان بچانے کے لیے 2012 میں لگایا گیا تھا۔ڈھنگر کمیونٹی کو خانہ بدوش کمیونٹی کا درجہ حاصل ہے جس کے تحت اسے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں 3 فیصد کوٹہ ملتا ہے جبکہ دیگر قبائل کی فہرست میں شامل کمیونٹیز کو 7 فیصد کوٹہ ملتا ہے۔
مہاراشٹر اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نرہری زروال کا تعلق نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شرد پوار گروپ سے ہے۔ بھارت میں کوٹے کے مسئلے پر کئی ریاستوں میں شدید معاشرتی اور سیاسی اختلافات پائے جاتے ہیں۔بعض پسماندہ کمیونٹیز کو بہتر زندگی بسر کرنے کے نام پر دیا جانے والا کوٹہ غلط ہاتھوں میں چلا جاتا ہے اور اس کے نتیجے میں خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔ اس مسئلے پر کئی بار فسادات بھی ہوچکے ہیں اور اس موضوع پر کئی فلمیں بھی بنائی گئی ہیں۔