عمران خان کی تقریر پر افواج پاکستان کا ردعمل

عمران خان کی تقریر پر افواج پاکستان کا ردعمل
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیزاور انتہائی غیر ضروری بیان پر آرمی میں شدید غم و غصہ ہے۔ فیصل آباد جلسے میں عمران خان کی تقریر پر افواج پاکستان کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیزاور انتہائی غیر ضروری بیان پر آرمی میں شدید غم و غصہ ہے، ایسے وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازعہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج قوم کی سیکورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے، سینئر سیاستدانوں کی جانب سے آرمی چیف کے عہدے کو متنازعہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے، پاک فوج کی سینئر لیڈر شپ کی اہلیت اور حب الوطنی اُن کی دہائیوں پر محیط بے داغ اور شاندارعسکری خدمات سے عیاں ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فوج کی اعلیٰ قیادت کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش ملکی مفاد میں نہیں ، آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقہ کار کو متنازعہ بنانا پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ پاک فوج کے، پاک فوج اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔