(ویب ڈیسک )بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے احتجاج کیلئے 14 اگست کی نئی تاریخ دی ہے۔
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ایک بہن عظمی خان کی بانی اور بشری بی بی سے ملاقات ہوئی، ہم تینوں بہنیں اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بچوں کے پاکستان آنے کے بارے پوچھا ہے۔وہ کل کے احتجاج پر بہت خوش ہوئے ہیں۔انہوں نے ظلم و زیادتی دباؤ کے باوجود لوگوں کے احتجاج پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی لوگ نکلے ہیں۔اس پر انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آزادی کیلئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔انہوں نے احتجاج کیلئے 14 اگست کی نئی تاریخ دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ عوام نے حقیقی آزادی کیلئے کھڑا ہونا ہے۔ ملک میں رول آف لاء ختم ہوچکا ہے۔ 14 اگست کو سب لوگ نکلیں۔
عمران خان نے اپنی لیڈر شپ کو پیغام دیا ہے کہ جیلوں اور گرفتاریوں سے نہ ڈریں۔انہوں نے واضح کہا کہ جو لوگ نا اہل ہوئے انکی سیٹوں پر کسی کو کھڑا نہیں کرنا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ کے پی حکومت کیلئے بانی نے پیغام دیا ہے کہ آپریشن بند ہونا چاہیئے۔بانی نے کہا ہے اپنے لوگوں کے خلاف آپریشن پی ٹی آئی کے خلاف نفرت پیدا کرنے کیلئے کیا جارہا ہے۔