(ویب ڈیسک ) واٹس ایپ نے صارفین کو مشتبہ گروپس میں شامل ہونے سے بچانے کے لیے ایک نیا فیچر "سیفٹی اوور ویو" متعارف کرایا ہے۔
یہ فیچر اس وقت فعال ہوتا ہے جب کوئی نامعلوم شخص (جو آپ کی کانٹیکٹ لسٹ میں شامل نہیں) آپ کو کسی گروپ میں ایڈ کرے۔ ایسی صورت میں واٹس ایپ گروپ کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی ٹپس فراہم کرے گا، تاکہ صارف ممکنہ فراڈ سے محفوظ رہ سکے۔
گروپ کی تفصیلات میں یہ بتایا جائے گا کہ گروپ کب اور کس نے بنایا، کتنے اراکین ہیں، اور کس نے آپ کو شامل کیا۔ ان معلومات کی بنیاد پر صارف یہ فیصلہ کر سکتا ہے کہ گروپ میں رہنا ہے یا فوری طور پر اسے چھوڑنا ہے۔
جب تک صارف گروپ میں رہنے کا فیصلہ نہ کرے، تب تک اس گروپ کے نوٹیفکیشنز میوٹ رہیں گے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ یہ فیچر صارفین کو فریب دہی اور اسکیمنگ سے بچانے کی مہم کا حصہ ہے، جیسے کہ نامعلوم افراد کی کالز کو سائلنٹ کرنے کا فیچر۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ نے اب تک 6 لاکھ 80 ہزار ایسے اکاؤنٹس پر پابندی لگائی ہے جو مختلف فراڈ نیٹ ورکس سے منسلک تھے۔