ویب ڈیسک: لاہور پولیس نے خواتین کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کے لیےنئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) جاری کر دیےہیں، جن کے تحت غروبِ آفتاب کے بعد خواتین کو تھانوں میں طلب کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق مدعیہ یا الزام علیہ خاتون کو سورج غروب ہونے کے بعد کسی بھی تھانے میں طلب نہیں کیا جائے گا، جبکہ تھانے آنے والی خواتین کی قانونی کارروائی حتیٰ الامکان دن کی روشنی میں مکمل کی جائے گی۔
نئے ایس او پیز کے تحت خواتین کو غروبِ آفتاب سے قبل تھانوں سے روانہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم حکام کے مطابق کسی ہنگامی یا غیر معمولی صورتحال میں خاتون کو تھانے میں رکھنے کی اجازت صرف متعلقہ اعلیٰ افسر کی پیشگی منظوری سے دی جا سکے گی۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ خاتون کی درخواست فوری سنی جائے گی اور اس کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے اس سلسلے میں تمام ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حالیہ واقعے کے تناظر میں یہ نئی ایس او پیز نافذ کی گئی ہیں تاکہ خواتین کے تحفظ، وقار اور سلامتی کو مزید مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔