(ویب ڈیسک) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق واشک اور مستونگ میں "ردالفتنہ-3" کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں، سیکیورٹی فورسز کے 5 اور 6 اگست کو بلوچستان میں 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ5 اگست کو ضلع واشک میں 6 دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، سیکیورٹی فورسز نے ضلع واشک میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اگست کو ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے،مستونگ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،مستونگ میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔دونوں کارروائیوں میں بھارتی سپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے مجموعی طور پر 12 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری ہے،غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔