تمام جمہوری قوتوں سے اپیل ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،بیرسٹرگوہر

تمام جمہوری قوتوں سے اپیل ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،بیرسٹرگوہر
کیپشن: تمام جمہوری قوتوں سے اپیل ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،بیرسٹرگوہر

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی جیل میں موجود ہیں اور اگر ان سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے تو سیاسی معاملات بہتری کی طرف جا سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ریاستی اداروں اور سیاسی شخصیات کا ایک دوسرے کو “ ذہنی مریض” کہنا یا خطرہ سمجھنا افسوس ناک رویہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کا دفاع سب سے اہم ہے اور پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے زور دیا کہ “پاکستان بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے”، لہٰذا تمام فریقین کو ایک دوسرے کو تسلیم کرنا چاہیے، جگہ دینی چاہیے اور عدم اعتماد کو ختم کرنا چاہیے کیونکہ ملک موجودہ تناؤ اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے تمام جمہوری قوتوں سے اپیل کی کہ وہ کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کو “ ذہنی مریض” قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان سے کوئی بھی ملاقات کرے تو وہ ریاست اور فوج کے خلاف بیانیہ دیتا ہے۔

Watch Live Public News