وزیر اعظم کا ترکیہ کے صدر کو ٹیلی فون ، زلزلے سے ہونیوالی تباہی پر اظہار افسوس

وزیر اعظم کا ترکیہ کے صدر کو ٹیلی فون ، زلزلے سے ہونیوالی تباہی پر اظہار افسوس
اسلام آباد: وزیراعظم نے صدر ترکیہ سے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا ۔ وزیراعظم نے صدر ترکیہ سے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔ وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر سے ٹیلی فون گفتگو میں کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں، غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اسکے عوام کے ساتھ ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی شدت بڑھ رہی ہے، قدرتی آفات اور موسمیاتی تباہی کسی سرحد، خطے اور مخصوص قوم تک محدود نہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کی مغفرت ، اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا ۔ترکیہ کے صدر نے کہا کہ آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔