خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کا کیس،قومی ہیروکوڈسٹرب نہیں کرنا چاہتے،عدالت

خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کا کیس،قومی ہیروکوڈسٹرب نہیں کرنا چاہتے،عدالت
کیپشن: خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کا کیس،قومی ہیروکوڈسٹرب نہیں کرنا چاہتے،عدالت

ویب ڈیسک:سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم  بابر اعظم پر خاتون کوجنسی ہراساں کرنے کے الزام میں اندراج مقدمہ کے حکم کیخلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دیے ہیں کہ قومی ہیرو کو ڈسٹرب نہیں کرنا چاہتے ، چیمپیئنز ٹرافی کے بعد کیس سنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق کپتان بابر اعظم کےخلاف اندراج مقدمہ کےحکم کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال نے   سابق کپتان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی درخواست پر سماعت کی۔سابق کپتان بابر اعظم کی جانب سے بریسٹر حارث عظمت پیش ہوئے۔ 

جسٹس اسجد جاوید گھرال نے استفسار کیا کہ مدعیہ خاتون کو طلب کیا تھا وہ کدھر ہیں ۔ خاتون کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کا ایکسڈنٹ ہوگیا ہے وہ نہیں آسکیں۔جسٹس اسجد جاوید گھرال نے استفسار کیا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کب سے کب تک ہیں؟بیرسٹر حارث عظمت نے جواب دیا کہ میچز شروع ہورہے ہیں۔ جو مارچ تک رہیں گے۔ 

جسٹس اسجد جاوید گھرال نے ریمارکس دیے کہ اس کیس کو اپریل کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کررہے ہیں تاکہ میچز کے دوران قومی ہیرو ڈسٹرب نہ ہو۔ چیمپیئنزٹرافی کے بعد کیس سنیں گے۔ 

عدالت نے کیس کی  سماعت اپریل کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی ۔

 بابر اعظم نے ٹرائل کورٹ کے اندراج مقدمہ کے حکم کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کے اندراج مقدمہ کے حکم کو معطل کررکھا ہے۔

Watch Live Public News