ویب ڈیسک: کراچی کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، جسے کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مارک اسکیلٹن نے منظور کر لیا۔ اس پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
کے الیکٹرک کے نئے چیف ایگزیکٹو کے لیے تین نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں۔ تینوں امیدوار کراچی سے تعلق رکھتے ہیں اور انرجی و فنانس سیکٹر میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کی بورڈ میٹنگ اگلے ہفتے ہوگی جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا انتخاب رمضان المبارک میں متوقع ہے۔ نیا بورڈ ہی نئے سی ای او کی تقرری کا حتمی فیصلہ کرے گا۔ موجودہ بورڈ شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد اپنی رپورٹ نئے بورڈ کو پیش کرے گا۔
واضح رہے کہ کے الیکٹرک کے بورڈ میں مجموعی طور پر 13 نشستیں ہیں، تاہم تین نشستیں طویل عرصے سے خالی ہیں۔ مونس علوی کے استعفے کے بعد بورڈ ممبرز کی تعداد 9 رہ گئی ہے۔
مونس علوی اس وقت عمرے پر ہیں۔ انہوں نے 18 برس تک کراچی الیکٹرک میں خدمات انجام دیں اور ادارے کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے سی ای او رہے ہیں۔