(ویب ڈیسک) گوگل نے اپنی مقبول سروس گوگل میپس میں جیمنائی پر مبنی ایک نیا اور اہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے۔
اس اپ ڈیٹ کے تحت گوگل میپس کے کراؤڈ سورس کمیونٹی ایڈٹ فیچر کو مزید اسمارٹ اور انٹرایکٹو بنایا جا رہا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اب گوگل میپس میں لوکیشن سے متعلق معلومات شامل کرنے کا عمل چیٹ بوٹ کنورزیشن کے انداز میں ہوگا۔
اس وقت صارفین “Suggest an edit” کے ذریعے کسی مقام کی تفصیلات فراہم کرتے ہیں، جنہیں گوگل پہلے جانچتا ہے اور پھر منظور ہونے پر لائیو کیا جاتا ہے۔
نئے جیمنائی فیچر کے ذریعے صارفین کو رئیل ٹائم میں تازہ معلومات فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ فیچر اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ صارفین کو محسوس ہوگا جیسے وہ کسی انسان سے چیٹ کر رہے ہوں۔
جیمنائی صارف سے مزید سوالات بھی کرے گا تاکہ فراہم کی جانے والی معلومات زیادہ درست اور مکمل ہوں، جس کے بعد انہیں دیگر صارفین کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
فی الحال اس فیچر کی آزمائش جاری ہے۔
اگرچہ بظاہر یہ تبدیلی معمولی لگتی ہے، مگر گوگل میپس کے کمیونٹی ایڈٹ فیچر کے لیے یہ ایک بڑی اور اہم اپ ڈیٹ ثابت ہو سکتی ہے۔