آئی سی سی انڈر نائٹین ورلڈ کپ 14 جنوری سے شروع ہوگا

آئی سی سی انڈر نائٹین ورلڈ کپ 14 جنوری سے شروع ہوگا
جمیکا: ( پبلک نیوز) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 14 جنوری سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 15 جنوری کو پاپوا نیوگنی کے خلاف میچ سے کرے گی۔ میگا ایونٹ میں شرکت کے لئے قومی انڈر 19 ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچ چکی ہے۔ 5 فروری تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بنگلا دیش، کینیڈا، انگلینڈ اور یونائیٹڈ عرب امارات، گروپ بی میں جنوبی افریقہ، بھارت، آئرلینڈ اور یوگنڈا، گروپ سی میں پاکستان، زمبابوے، افغانستان اور پاپوا نیوگنی جبکہ گروپ ڈی میں سکاٹ لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ بنگلا دیشی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ورلڈ کپ کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہر ٹیم دو، دو وارم اپ میچ کھیلے گی۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 9 جنوری کو بنگلا دیش جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 11 جنوری کو کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کے افتتاحی روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ سکاٹ لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 15 جنوری کو پاپوا نیوگنی کے خلاف میچ سے کرے گی۔ قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 20 جنوری کو افغانستان جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 22 جنوری کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔ ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی جو 25 جنوری سے شروع ہو گا۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے یکم اور 2 فروری جبکہ فائنل 5 فروری کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ گرین شرٹس نے لگاتار 2004ء اور 2006ء میں عالمی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ بھارت کو سب سے زیادہ چار مرتبہ یہ ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

Watch Live Public News