ویب ڈیسک: امریکا میں برفانی طوفان سے 6 کروڑ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ،7 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ لاکھوں امریکی بجلی سے محروم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق برفانی طوفان سے سب سے زیادہ ریاست کنساس متاثر ہے، اس کے علاوہ میسوری، کینٹکی، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، آرکنساس اور نیو جرسی کے کچھ حصوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔
طوفان ’بلیئر‘ کے نتیجے میں ہزاروں پروازیں پہلے ہی تاخیر کا شکار جبکہ سینکڑوں منسوخ ہوچکی ہیں، جب کہ کئی سڑکیں منقطع اور اسکول بند ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان آہستہ آہستہ مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے،، لیکن کنساس اور میسوری میں صورتحال سنگین ہے۔یخ بستہ ہوائیں چلنے اور 10 سالوں میں سب سے زیادہ 15 انچ سے زائد برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید برفباری اور بارش سے بڑے پیمانے پر نقصان کا الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں 30 سینٹی میٹر تک برفباری متوقع ہے جبکہ برطانیہ میں درجہ حرارت منفی 10 تک گرنے کی پیش گوئی ہے۔