5فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی

5فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی
کیپشن: 5فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی

ویب ڈیسک: پاکستان میں 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا، جس کا مقصد کشمیری عوام کی بھارتی تسلط کے خلاف جاری جدوجہدِ آزادی اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے پورے ملک میں ریلیوں، واکس، سیمینارز اور خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ قومی اتحاد کے اظہار کے طور پر مختلف شہروں میں انسانی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔

حکومت کی جانب سے ریاستی اداروں اور ذرائع ابلاغ کو ہدایت دی گئی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے اور قومی و عالمی سطح پر اس حوالے سے آگاہی کو فروغ دیا جائے۔ اس سلسلے میں ٹیلی ویژن اور ریڈیو پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے، جن میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بڑے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ریلیوں اور عوامی اجتماعات کے دوران مکمل طور پر الرٹ رہیں گے۔

اس موقع پر سیاسی اور مذہبی رہنما مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔

Watch Live Public News