لاہور کے پہلے تیرتے ریسٹورنٹ کے حوالے سے اہم خبر

لاہور کے پہلے تیرتے ریسٹورنٹ کے حوالے سے اہم خبر
کیپشن: لاہور کے پہلے تیرتے ریسٹورنٹ کے حوالے سے اہم خبر

ویب ڈیسک: لاہور کینال کے کنارے شہر کے پہلے فلوٹنگ ریسٹورنٹ کے منصوبے پر باضابطہ طور پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو لاہور کے شہریوں اور سیاحوں کے لیے خوش آئند خبر ہے۔

یہ منصوبہ رواں مالی سال کے جون تک مکمل کیے جانے کا شیڈول ہے۔ منصوبے کو ممکن بنانے کے لیے کینال کی گہرائی 7 فٹ سے بڑھا کر 13 فٹ کی جا رہی ہے، جبکہ اس کی چوڑائی 30 فٹ تک وسیع کی جائے گی۔

تعمیراتی کام ایچ آر ڈی کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے، جبکہ نیسپاک کو منصوبے کا کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ آبپاشی بھی تکنیکی امور کی نگرانی میں شامل ہے۔

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے حکام کے مطابق منصوبے کے تحت ایک جدید سہولتوں سے آراستہ، تین منزلہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ تعمیر کیا جائے گا، جو کینال کے کنارے ایک نئی تفریحی کشش بنے گا۔

فلوٹنگ ریسٹورنٹ میں ایک وقت میں تقریباً 80 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور اسے سیاحت کے فروغ کے ساتھ اعلیٰ معیار کے کھانوں کے امتزاج کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

پی ایچ اے کے منیجنگ ڈائریکٹر راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ لاہور کے حسن میں اضافہ کرے گا اور شہر کی سیاحتی پہچان کو مزید مضبوط بنائے گا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ تقریباً 4 ارب 90 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

Watch Live Public News