ویب ڈیسک: نئے سال 2026 کا آغاز پاکستانی صارفین کے لیے انٹرنیٹ کے حوالے سے اچھا ثابت نہیں ہو رہا۔ ملک بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے زائد عرصے سے انٹرنیٹ سروس شدید متاثر ہے اور تاحال مکمل بحالی ممکن نہیں ہو سکی۔
انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی نیاٹیل نے ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ پاکستان بھر میں اس کے صارفین کو اب بھی اپ لوڈ سپیڈ کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ یہ مسئلہ دو دن قبل شروع ہوا تھا جو تاحال برقرار ہے۔
نیاٹیل کمپنی پاکستان میں کئی بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں کو سروس فراہم کرتی ہے۔ اسی وجہ سے نیاٹیل کے ساتھ ساتھ دیگر انٹرنیٹ صارفین بھی اس مسئلے سے متاثر ہو رہے ہیں۔
تاحال کسی بھی انٹرنیٹ کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ مسئلہ کب تک حل ہو جائے گا۔ صارفین کو نیاٹیل، پی ٹی سی ایل اور دیگر بڑی آئی ایس پیز کے نئے بیان کا انتظار ہے۔
انٹرنیٹ کی اس طویل بندش اور سست رفتاری کے باعث آن لائن کام، فری لانسنگ، کاروبار اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔