اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) پر پابندی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کو تحلیل کرنے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں چیئرمین تحریک انصاف، صدر تحریک انصاف پرویز الٰہی، وزارت قانون، وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیکرٹری دفاع، وزیراعظم شہبازشریف، وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے فوج مخالف بیانات بھی درخواست میں شامل ہیں ، وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھا گیا خط بھی درخواست کا حصہ ہے۔ درخواست میں چیئرمین تحریک انصاف پر ملک دشمنی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو بطور پارٹی تحلیل کیا جائے، پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین نے ریاستی اداروں پر براہ راست حملہ کیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عدلیہ مخالف بیانات کے ساتھ ساتھ فوج اور اسکی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، تحریک انصاف کے چیرمین نے نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بلکہ آئین پاکستان کی بھی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔