ویب ڈیسک: ہندوتوا کے علمبردار نریندر مودی کی حکومت کوآپریشن سندور میں تاریخی ہزیمت کے بعد ملکی سطح پر آئے روز شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں فوج اور سیاسی قیادت کے درمیان دراڑیں مزید واضح ہورہی ہیں، بھارتی فوج اور حکومت میں ٹکراؤ بڑھتا جارہا ہے، ناکامی کا بوجھ ایک دوسرے پر ڈالنے کی کوششیں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
بھارتی ڈپٹی آرمی چیف لفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ کا FICCI ٹیکنیکل فورم پر خطاب کھلے الفاظ میں اپنی شکایات کو ریکارڈ پر لانے کی کوشش ہے، جس میں بھارتی فوج نے ناکامی کا سارا ملبہ مودی سرکار پر ڈال دیا ہے۔
لفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ حکومت نے دفاعی ٹیکنالوجی پر ایک فیصد سے بھی کم سرمایہ کاری کی، اس شدید مالی کمی کی وجہ سے بھارتی فوج کو انتہائی پیچیدہ اور خطرناک چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی ڈپٹی آرمی چیف نے مزید کہا کہ فوج تنہا جنگ نہیں جیت سکتی، اسے سیاسی حمایت، بروقت فیصلے اور وسائل درکار ہوتے ہیں۔انھوں نے صاف کہا کہ موجودہ بحران میں جو سیاسی غلطیاں کی گئیں، ان کا شفاف احتساب ہونا ضروری ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ راہول سنگھ کے خطاب نے بھارتی فوج اور سیاسی قیادت کے درمیان عدم اعتماد کو بے نقاب کر دیا ہے، بھارتی فوجی حلقے کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ ناکامی کا بوجھ صرف فوج پر نہ ڈالا جائے، جبکہ حکومت فوج کی تیاریوں پر سوال اٹھا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت مسلسل یہ جھوٹا دعویٰ کرتی رہی کہ آپریشن سندور کے دوران بھارت کو کوئی نقصان نہیں ہوا، تاہم بھارتی فضائیہ کے سربراہ اور اب ڈپٹی آرمی چیف کے بیانات نے حقیقت واضح کر دی ہے کہ بھارت کو شدید بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
بھارتی فوج کے افسران تسلیم کر چکے ہیں کہ پاکستان کے پریسیژن اسٹرائیکس (Precision Strikes) نے بھارتی فوجی تنصیبات اور اہلکاروں کو براہِ راست نشانہ بنایا ہے۔
پاکستان کی اسواضح عسکری برتری سے فوج کے اندر مایوسی بڑھ رہی ہے، بھارتی افسران کھلے عام شکوے کر رہے ہیں جبکہ سیاسی حکومت ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے پروپیگنڈے کے پیچھے چھپ رہی ہے۔
بھارتی فوج کہہ رہی ہے: “وسائل نہیں دیے گئے، ہم اکیلے ذمہ دار نہیں۔”
بھارتی حکومت کہہ رہی ہے: “آپریشن سندور ایک کامیاب آپریشن تھا”
قوم سوال کر رہی ہے: “کامیاب آپریشن تھا تو فوجی قیادت وضاحتیں کیوں دے رہی ہے؟”
مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی شکست کی ذمہ داری کا کھیل شروع ہو چکا ہے، وسائل کی کمی، فیصلوں میں تاخیر، اور کرپشن بھارتی فوج کی ناکامی کی بنیادی وجوہات بنیں۔لفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ کا بیان بھارتی سیاسی و عسکری سسٹم کی اندرونی کمزوریوں کو بے نقاب کر چکا ہے۔