ویب ڈیسک: جاپان کے شہر اوساکا میں جاری عالمی نمائش اوساکا ایکسپو 2025 میں پاکستان پویلین اپنی انفرادیت اور جمالیاتی خوبصورتی کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ 180 ممالک کے 80 پویلینز میں پاکستان کا پویلین سب سے منفرد قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پویلین کا دلکش ڈیزائن خیوڑہ کی عالمی شہرت یافتہ پنک سالٹ کانوں سے متاثر ہے، جس میں قدرتی نمک کی چٹانوں کو نہ صرف دکھایا گیا بلکہ زائرین کو ان کا لمس بھی کروایا جا رہا ہے، جو ایک یادگار تجربہ فراہم کرتا ہے۔
پویلین میں بنایا گیا "پنک سالٹ گارڈن" زائرین کے لیے ذہنی سکون اور شفا کا ذریعہ بن چکا ہے۔ پاکستان کا ہمالیائی پنک سالٹ اپنی خوبصورت رنگت اور طبی فوائد کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہے، اور یہ پویلین اس کی عالمی سطح پر تشہیر کا مؤثر ذریعہ بن رہا ہے۔
ایکسپو کا مرکزی تھیم "زمین کے ساتھ ہم آہنگی" ہے، جس سے پاکستان پویلین مکمل طور پر ہم آہنگ دکھائی دیتا ہے۔ یہاں نہ صرف ثقافت، قدرتی وسائل اور مقامی ورثے کو اجاگر کیا جا رہا ہے بلکہ یہ برآمدات میں اضافے اور عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی نمائندگی کا ایک مضبوط پلیٹ فارم بھی بن گیا ہے۔
پاکستان پویلین نے بین الاقوامی ہم آہنگی، مکالمے اور فکری تبادلے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے خود کو ایک پراثر ترجمان کے طور پر منوایا ہے۔