ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج 6 جولائی سے کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ 7 سے 10 جولائی کے دوران بارشوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
ادارے کے مطابق اس دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے پیش گوئی کی ہے کہ 7 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ متوقع ہے، جبکہ 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں بھی پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم پہاڑی ندی نالوں اور برساتی ریلوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے، جس سے مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ حساس پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ، جبکہ شدید بارش کے دوران شہری اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا امکان موجود ہے۔
مزید برآں خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔