’ہوا ہوا‘ گانے کی کامیابی کے بعد بھارت میں بے پناہ محبت ملی، حسن جہاںگیر

’ہوا ہوا‘ گانے کی کامیابی کے بعد بھارت میں بے پناہ محبت ملی، حسن جہاںگیر
کیپشن: ’ہوا ہوا‘ گانے کی کامیابی کے بعد بھارت میں بے پناہ محبت ملی، حسن جہاںگیر

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف گلوکار حسن جہاںگیر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے مقبول گانےہوا ہوا‘ کی غیرمعمولی کامیابی کے بعد انہیں بھارت میں بے حد پذیرائی اور محبت ملی، جبکہ بالی ووڈ کی متعدد نامور شخصیات سے ان کے قریبی تعلقات بھی قائم ہوئے۔

احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے حسن جہاںگیر نے اپنے فنی سفر سے جڑی دلچسپ یادیں شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے علاوہ بھارتی فلم انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات سے بھی ان کے خوشگوار روابط رہے ہیں۔

پوڈکاسٹ کے دوران احمد علی بٹ نے ان سے سوال کیا کہ کیا ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ ریکھا نے واقعی انہیں محبت بھرا خط لکھا تھا؟ اس پر حسن جہاںگیر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ محبت کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے، تاہم بعض باتیں نجی رہنی چاہئیں، اس لیے وہ اس حوالے سے مزید کچھ کہنا مناسب نہیں سمجھتے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں انہیں ہمیشہ عزت اور بھرپور محبت ملی۔ ان کے بقول مادھوری ڈکشٹ، گووندا، شاہ رخ خان، سلمان خان اور متھن چکرورتی سمیت بالی ووڈ کی کئی معروف شخصیات آج بھی ان کی اچھی دوست ہیں اور وقتاً فوقتاً ایک دوسرے کو خیرسگالی کے پیغامات بھیجتے رہتے ہیں۔

حسن جہاںگیر نے اپنے کیریئر کے ایک ایسے فیصلے کا بھی ذکر کیا جس پر انہیں آج تک افسوس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں بھارت میں مرکزی کردار کے لیے متعدد فلموں کی پیشکش ہوئی تھیں، جن میں نیلم اور مادھوری ڈکشٹ جیسی معروف اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع بھی شامل تھے، تاہم انہوں نے تمام پیشکشیں مسترد کرکے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا۔

معروف گلوکار کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے اس وقت ذاتی وجوہات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا، لیکن آج ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ شاید انہیں ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے تھا۔

Watch Live Public News