ویب ڈیسک: گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیر اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ان سے حلف لیا۔
تقریبِ حلف برداری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پارٹی کی مرکزی قیادت، ارکانِ اسمبلی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز کے ذریعے اسکردو پہنچے، جہاں نو منتخب وزیر اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
اسکردو ایئرپورٹ پر بلاول بھٹو زرداری نے مسافروں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور مختصر گفتگو بھی کی۔ بعد ازاں وہ گلگت روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف مقامات پر مقامی افراد سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل و آراء سے آگاہی حاصل کی۔
تقریبِ حلف برداری کے بعد امجد حسین ایڈووکیٹ نے بطور وزیر اعلیٰ اپنی آئینی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔