(ویب ڈیسک ) کینیڈا کی جانب سے ایکسپریس انٹری سسٹم کے تحت ہائی اسکیلڈ پروفیشنلز کو ترجیحی بنیادوں پر مستقل رہائش دینے کا اعلان کردیا گیا۔
کینیڈا نے اپنے ایکسپریس انٹری نظام کے تحت ہنر مند اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو مستقل رہائش (Permanent Residency) کے لیے ترجیح دینے کی پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھتے ہوئے مختلف اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لیے مواقع کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
کینیڈین حکومت کے مطابق کیٹیگری بیسڈ سلیکشن کے تحت ایسے امیدواروں کو ترجیحی بنیادوں پر دعوت نامے (Invitations to Apply) جاری کیے جا رہے ہیں جن کی مہارتیں ملک کی لیبر مارکیٹ اور معیشت کی موجودہ ضروریات سے ہم آہنگ ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مختلف شعبوں میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنا، خالی آسامیوں پر موزوں افراد کی تعیناتی کو یقینی بنانا اور اہل امیدواروں کے لیے مستقل رہائش کے حصول کا نسبتاً تیز اور مؤثر راستہ فراہم کرنا ہے۔
ترجیحی شعبوں میں طبی ماہرین، ڈاکٹرز، نرسز، ریسرچرز، سوشل سروسز سے وابستہ پیشہ ور افراد، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے ماہرین، اساتذہ، کنسٹرکشن اور انفراسٹرکچر سے وابستہ ہنر مند افراد، ٹرانسپورٹ ورکرز، سپلائی چین اور لاجسٹکس کے ماہرین، جبکہ کینیڈین ورک ایکسپیرئنس رکھنے والے سینئر مینیجرز بھی شامل ہیں۔
مزید برآں، حکومت نے کہا ہے کہ صوبہ کیوبک سے باہر فرانسیسی زبان بولنے والی کمیونٹیز کے فروغ کے لیے فرانسیسی زبان پر عبور رکھنے والے امیدواروں کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
امیگریشن ماہرین کے مطابق امیدوار اگر اپنی ایکسپریس انٹری پروفائل کو بہتر بنائیں اور ترجیحی کیٹیگریز کی اہلیت پر پورا اتریں تو انہیں دعوت نامہ موصول ہونے کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔