مرغی کی قیمتیں بڑھا کر پی ٹی آئی اشرافیہ نے اربوں کمائے

مرغی کی قیمتیں بڑھا کر پی ٹی آئی اشرافیہ نے اربوں کمائے
کراچی ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بدترین اقتصادی بحران میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو بجٹ میں 96 ارب روپوں سے نوازنے کا عمران خان کا منصوبہ عوام دشمن ہے، وزیراعظم دھاندلی سے منتخب ہونے والے اپنے اراکین اسمبلی پر اربوں روپے لٹانے کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر خزانے کی رقم خرچ کریں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگاکر اپنی نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتی، عمران خان کی حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے قوم کی خودداری کو داؤ پر لگادیا۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کرونا وائرس کی وبا کے دوران مہنگائی کو 4.29 فیصد اور بنگلہ دیش 5.54 فیصد تک قابو کرسکتا ہے تو پاکستان میں یہ شرح 10.9 فیصد کیوں ہے، عمران خان کی سرپرستی میں کام کرنے والی مافیا نے صرف تین ماہ میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں 110 فیصد تک بڑھائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مرغی کے گوشت کی قیمتیں بڑھا کر پی ٹی آئی اشرافیہ نے اربوں روپے کمالئے اور اب افسوس ناک طور پر قیمتیں کم کرکے اس کا کریڈٹ بھی لیا جائے گا، عوام کی جیبوں میں پیسہ نہیں اور عمران خان بجٹ میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو اربوں روپوں سے نوازنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 11ویں اقتصادی منصوبہ بندی کے اختتام کے بعد سے عمران خان کی حکومت اب تک اپنا پانچ سالہ اقتصادی منصوبہ سامنے نہیں لاسکی ہے، آئی ایم ایف کی ہدایات پر اگر اقتصادی منصوبہ بندی پی ٹی آئی کی پالیسی ہے تو عمران خان عوام کو صاف صاف بتادیں کہ وہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے اقتدار میں آئے۔

Watch Live Public News