چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے نسٹ میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی پروگرام پر بے بنیاد، غیر ضروری تبصروں سے گریز کیا جائے، پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت مادر وطن کے دفاع کے خلاف سالمیت کی ضامن ہے، پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، سول اور ملٹری قیادت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اسٹریٹیجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، قومی سیکورٹی ناقابل تقسیم ہے. چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان ایک ذمہ دار اور پراعتماد نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے، پاکستان کی پالیسی قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے، قومی سیکورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف تمام قومی اور بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہے. چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا قومی اسٹریٹیجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے، صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی اسٹریٹیجک پروگرام پر ریسپانس اور تبصرہ دینے کی مجاز ہے.