ویب ڈیسک: دنیا بھر کے مسلم ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، سعودی عرب میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے مسجد الحرام، مسجد نبویؐ اور مسجد اقصیٰ سمیت مختلف مساجد میں نماز عید ادا کی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، ترکی، شام، اردن، عمان اور عراق میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔ اسی طرح برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں مقیم مسلمان بھی عید قربان کی روحانی خوشیاں منا رہے ہیں۔
مکہ مکرمہ کے قریب وادیٔ منیٰ میں حجاج کرام نے صبح سویرے شیطان کو کنکریاں مارنے کا عمل (رمی جمرات) مکمل کیا۔ اس سے پہلے جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے قیام پذیر رہے، جہاں انہوں نے رمی کے لیے کنکریاں جمع کیں اور پھر صبح کے وقت عید کی نماز ادا کی۔
مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ سعودی عرب کے مختلف شہروں اور قصبوں کی ہزاروں مساجد میں بھی نماز عید ادا کی گئی، جس میں مقامی باشندوں کے ساتھ بڑی تعداد میں غیر ملکیوں، خصوصاً پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔

عید کی نماز کے بعد حجاج کرام نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے قربانی ادا کی، جس کے بعد سر منڈوانے کی رسم ادا کی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے ایک دن قبل، نو ذوالحجہ کو، مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا گیا جسے عرفات کا خطبہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ خطبہ مسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے دیا، جس میں انہوں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی اپیل بھی کی۔