نواز شریف کی لندن میں نمازِ عید کی ادائیگی، پاکستانی عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

نواز شریف کی لندن میں نمازِ عید کی ادائیگی، پاکستانی عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

(ویب ڈیسک ) پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سنٹرل لندن مسجد میں نمازِ عید ادا کی۔ ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حسن نواز اور معالج ڈاکٹر عدنان بھی موجود تھے۔ نمازِ عید کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما زبیر گل، احسن ڈار، خرم بٹ اور رانا جنید بھی مسجد میں موجود تھے۔

نماز کے بعد میاں نواز شریف نے نمازیوں سے مختصر گفتگو کی اور پاکستانی عوام و عالم اسلام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے پرمسرت موقع پر دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے عوام کو خوشیاں نصیب فرمائے، عالم اسلام کو خوشحالی اور امن عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی ترقی کے جاری سفر میں برکت عطا فرمائے، اور ملک اسی طرح خوشحالی کی منزلیں طے کرتا رہے۔

نمازِ عید کے بعد نواز شریف کو عوامی حلقوں میں گھرا دیکھا گیا، جہاں انہوں نے کئی پاکستانیوں سے ملاقات بھی کی اور عید کی مبارکباد دی۔

Watch Live Public News