(ویب ڈیسک) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز اور فتنہ الہندوستان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے بھاری تعداد میں اسلحہ و باردو برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیئے پرعزم ہیں ۔ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع کچی کے علاقے کولپور میں سیکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ہم ملک سے دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، دہشتگردوں کو نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی انتہائی سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی،ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور حکومت پاکستان پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتےہیں۔بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور آلہ کاروں کے خلاف آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بہادری سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا صفایا کر رہی ہیں۔فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔بہادر سیکیورٹی فورسز پر قوم کو فخر ہے۔