آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز

آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز
کیپشن: آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)، ٹیکس پالیسی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں ممکنہ اضافے سمیت اہم مالی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس غیر رسمی نوعیت کا تھا اور اس کی میڈیا کوریج نہیں کی گئی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو بجٹ کے اہم نکات اور مالی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ افراطِ زر کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔

تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب مالی وسائل اور حکومتی گنجائش کے تناظر میں تفصیلی ورکنگ تیار کی جائے تاکہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے حتمی فیصلے سے قبل حکومتی اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ آئندہ چند روز میں قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس میں تنخواہوں، پنشن اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔

Watch Live Public News