ویب ڈیسک: چینی شوبز انڈسٹری کے معروف نوجوان اداکار اور ماڈل جِن زے 33 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئے، جس کی تصدیق ان کی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی نے کر دی ہے۔ افسوسناک خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جِن زے، جن کا اصل نام ژانگ جیاوئی تھا، ہانگژو میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ ان کی مینجمنٹ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اہلِ خانہ کی خواہش کے پیشِ نظر موت کی وجوہات فی الحال ظاہر نہیں کی جا رہیں۔
ایجنسی نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں مرحوم کے خاندان کی نجی زندگی اور رازداری کا احترام کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہوں کے پھیلاؤ سے گریز کریں تاکہ اہلِ خانہ سکون کے ساتھ آخری رسومات ادا کر سکیں۔
جِن زے کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ مداحوں، ساتھی فنکاروں اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک باصلاحیت، محنتی، عاجز اور خوش اخلاق انسان قرار دیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اپنی وفات سے صرف ایک ماہ قبل جِن زے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر اپنی آخری پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے ایک نئے ڈرامائی منصوبے کی شوٹنگ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ اس پروجیکٹ میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے تھے اور مداح اس کی ریلیز کے منتظر تھے۔
جِن زے کے اچانک انتقال نے چینی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ ان کے مداح سوشل میڈیا پر مرحوم اداکار کی یادگار تصاویر اور پیغامات شیئر کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔