ایران، امریکا اور اسرائیل کشیدگی: پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی 104 پروازیں منسوخ

ایران، امریکا اور اسرائیل کشیدگی: پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی 104 پروازیں منسوخ
کیپشن: ایران، امریکا اور اسرائیل کشیدگی: پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی 104 پروازیں منسوخ

ویب ڈیسک: ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی پروازیں شدید متاثر ہو گئی ہیں اور آج بھی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

فضائی آپریشن کی تفصیلات کے مطابق پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کیلئے آج 104 پروازیں منسوخ کی گئیں، تاہم کچھ پروازیں بتدریج بحال بھی کی جا رہی ہیں۔

کراچی سے دبئی، دوحہ، ابوظبی، شارجہ اور بحرین کیلئے 21 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ لاہور سے دبئی، دوحہ، شارجہ، کویت، دمام اور ابوظبی کیلئے 27 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

اسی طرح اسلام آباد سے دوحہ، ابوظبی، بحرین، شارجہ اور دبئی کیلئے 29 پروازیں منسوخ ہوئیں، تاہم 14 پروازیں روانگی کیلئے تیار ہیں۔ پشاور سے دوحہ، ابوظبی، دبئی، شارجہ اور جدہ کیلئے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 4 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔

ملتان سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور دمام کیلئے 8 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 7 پروازیں روانگی کیلئے تیار ہیں۔ فیصل آباد سے دبئی، شارجہ اور جدہ کیلئے 7 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 2 پروازوں کے آپریٹ ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ سے شارجہ اور دبئی کیلئے آج کی چاروں پروازیں آپریٹ ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 1130 تک پہنچ چکی ہے۔

ادھر متحدہ عرب امارات کے ائیرپورٹس پر فضائی آپریشن بتدریج بحال ہو رہا ہے اور ایک ہی دن میں تقریباً 400 پروازیں آپریٹ کی گئیں، جن میں دبئی سے 250، ابوظبی سے 50 اور شارجہ سے 45 پروازیں شامل ہیں۔

راس الخیمہ سے لاہور اور ممبئی کیلئے 4 پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں، تاہم دوحہ، بحرین اور کویت سے 6 روز گزرنے کے باوجود تاحال کوئی پرواز روانہ نہیں ہو سکی۔

حکام کے مطابق امارات سے تقریباً 30 ہزار افراد کے انخلاء کیلئے دبئی، ابوظبی اور شارجہ سے خصوصی فلائٹ آپریشن بھی جاری ہے۔

Watch Live Public News