ویب ڈیسک: جنوبی ایشیا کے دو اہم ہمسایہ ممالک بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان تجارتی تعلقات میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر تجارتی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے بنگلا دیش کو حاصل وہ خصوصی ٹرانزٹ سہولت معطل کر دی ہے جس کے تحت ڈھاکہ اپنی برآمدی مصنوعات بھارتی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کے ذریعے تیسرے ممالک تک پہنچایا کرتا تھا۔ بھارتی حکام نے اس فیصلے کی وجہ بندرگاہوں اور ایئرپورٹس پر بڑھتا ہوا دباؤ اور لوڈ قرار دیا ہے۔
بھارت کے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے بنگلا دیش نے فوری طور پر بھارت سے درآمد ہونے والے سوتی دھاگے پر پابندی لگا دی ہے۔ ڈھاکہ حکومت کے مطابق یہ اقدام بنگلا دیشی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے تحفظ کے لیے ناگزیر تھا، کیونکہ مقامی صنعت بھارتی مصنوعات کے باعث نقصان کا شکار ہو رہی تھی۔
تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک نے فوری طور پر مذاکرات کا راستہ نہ اپنایا تو یہ تنازع خطے میں معاشی عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لیے بڑے تجارتی شراکت دار ہیں، اور کسی بھی قسم کی تجارتی رکاوٹ دونوں معیشتوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔